اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، روس نے ایران اور امریکہ کے درمیان دوبارہ بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان قابل قبول سیاسی اور سفارتی حل تلاش کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ماسکو، امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش رکھتا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ’’امریکہ اور اسرائیل کی بلاجواز جارحیت‘‘ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بحران کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
زاخارووا نے تمام فریقوں سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور مطالبہ کیا کہ فوجی حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور غیر فوجی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے تمام اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو تنازعے میں مزید شدت کا سبب بن سکتے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی کے حل کے لیے سیاسی اور سفارتی راستہ ہی واحد مؤثر اور حقیقت پسندانہ آپشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ایسے مذاکراتی حل تلاش کرنے اور انہیں عملی جامہ پہنانے میں تعاون کے لیے تیار ہے جو تہران اور واشنگٹن دونوں کے لیے قابل قبول ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی سلامتی کے حوالے سے عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، اور روس کو امید ہے کہ حالات جلد از جلد مذاکرات اور سفارت کاری کی راہ پر واپس آئیں گے۔
آپ کا تبصرہ